278

انڈیا کے چینل دوردرشن پر پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقوں اور گلگت بلتستان کے موسم کی خبریں کیوں

انڈیا نے گزشتہ ہفتے اپنے قومی ٹیلی ویژن دوردرشن اور آل انڈیا ریڈیو پر خبرنامے کے بعد موسم کی خبروں میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقے کو بھی شامل کر لیا ہے۔

ان علاقوں کے موسم کی پیش گوئی بھی اسی طرح کی جا رہی ہے جیسے ملک کے دوسرے خطوں کے موسم کا احوال بتایا جاتا ہے۔

ایک ایسے وقت میں جب پوری دنیا کورونا کی وبا سے نبرد آزما ہے اور خود انڈیا میں کورونا کے ہزاروں مریض ہیں جن کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اچانک انڈیا کی طرف سے یہ قدم اٹھانے کی وجہ کیا ہو سکتی ہے؟

یہ پہلی بار ہے جب انڈیا کے محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہروں میرپور اور مظفرآباد کے موسم کی خبریں شروع کی ہیں۔ انڈیا کے محکمہ موسمیات (آئی آیم ڈی) کی ویب سائٹ پر شمال مغربی سب ڈویژن کے تحت مظفرآباد، سکردو اور وادی نیلم کے موسم کی اب روزانہ خبر دی جا رہی ہے۔

آئی ایم ڈی کے سربراہ مرتونجے موہا پاترا کا کہنا ہے کہ ‘محکمہ موسمیات پورے جموں و کشمیر اور لداخ کے خطے کے موسم کی خبریں جاری کرتا ہے۔ ہم موسم کی خبروں میں گلگت بلتستان اور مظفرآباد کا ذکر کر رہے ہیں کیونکہ یہ انڈیا کا حصہ ہیں۔‘

یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ فیصلہ حال ہی میں پاکستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے گلگت بلتستان میں انتخابات کے انعقاد کی منظوری کے فیصلے کے ایک دن بعد کیا گیا ہے۔

Source : bbc new

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں